سورة الجمعة - آیت 8

قُلْ إِنَّ الْمَوْتَ الَّذِي تَفِرُّونَ مِنْهُ فَإِنَّهُ مُلَاقِيكُمْ ۖ ثُمَّ تُرَدُّونَ إِلَىٰ عَالِمِ الْغَيْبِ وَالشَّهَادَةِ فَيُنَبِّئُكُم بِمَا كُنتُمْ تَعْمَلُونَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

کہہ دیجئے! کہ جس موت سے تم بھاگتے پھرتے ہو وہ تو تمہیں پہنچ کر رہے گی پھر تم سب چھپے کھلے کے جاننے والے (اللہ) کی طرف لوٹائے جاؤ گے اور وہ تمہیں تمہارے کئے ہوئے تمام کام بتلا دے گا۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

موت سے مفر نہیں: پھر اللہ تعالیٰ فرماتا ہے كہ موت سے كوئی بچ ہی نہیں سكتا جیسے كہ سورئہ النساء (۷۸) میں فرمایا کہ: ﴿اَيْنَ مَا تَكُوْنُوْا يُدْرِكْكُّمُ الْمَوْتُ وَ لَوْ كُنْتُمْ فِيْ بُرُوْجٍ مُّشَيَّدَةٍ﴾ ’’تم جہاں كہیں بھی ہو تمہیں موت پا ہی لے گی گو مضبوط محلوں میں ہو۔‘‘ اور پھر تمہیں اللہ كے حضور پیش ہی ہونا پڑے گا پھر وہ تمہیں بتا دے گا كہ تم اللہ كے چہیتے یا لاڈلے تھے یا اس كی لعنت اور اس كے غصہ میں گرفتار تھے۔