سورة الجمعة - آیت 3
وَآخَرِينَ مِنْهُمْ لَمَّا يَلْحَقُوا بِهِمْ ۚ وَهُوَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ
ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب
اور دوسروں کے لئے بھی انہی میں سے جو اب تک ان سے نہیں (١) ملے۔ وہی غالب با حکمت ہے۔
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
آپ تمام لوگوں كے لیے تا قیامت رسول ہیں: نبی آخر الزمان صرف ان امی اہل عرب ہی كی طرف مبعوث نہیں كیے گئے تھے۔ بلكہ بعد میں قیامت تك آنے والے لوگوں كے بھی نبی ہیں۔ بعض كہتے ہیں كہ عرب وعجم كے وہ تمام لوگ مراد ہیں جو عہد صحابہ رضی اللہ عنہم كے بعد قیامت تك ہوں گے۔ چنانچہ اس میں فارس، روم، بربر، سوڈان، تركی، مغول، كرد، چینی اور اہل ہند وغیرہ سب آجاتے ہیں۔ یعنی آپ صلی اللہ علیہ وسلم كی نبوت سب كے لیے ہے۔ چنانچہ یہ سب ہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لائے اور ایمان لانے كے بعد یہ بھی ’’ منہم‘‘ كا مصداق یعنی اسلام لانے والے امیین میں سے ہوگئے۔ كیونكہ تمام مسلمان امت واحدہ ہیں۔