سورة الحشر - آیت 22
هُوَ اللَّهُ الَّذِي لَا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ ۖ عَالِمُ الْغَيْبِ وَالشَّهَادَةِ ۖ هُوَ الرَّحْمَٰنُ الرَّحِيمُ
ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب
وہی اللہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں چھپے (١) کھلے کا جاننے والا مہربان اور رحم کرنے والا۔
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
پھر اللہ تعالیٰ فرماتا ہے كہ اس كے سوا كوئی پالنے اور پرورش كرنے والا نہیں نہ اس كے سوا كسی كی ایسی نشانیاں ہیں كہ اس كی كسی قسم كی عبادت كوئی كرے۔ اس كے سوا جن جن كی لوگ پرستش اور پوجا كرتے ہیں وہ سب باطل ہیں۔ وہ تمام كائنات كا علم ركھنے والا ہے۔ جو چیزیں ہم پر ظاہر ہیں جو ہم سے پوشیدہ ہیں سب اس پر عیاں ہیں۔ خواہ آسمان میں ہوں خواہ زمین میں ہوں، خواہ چھوٹی ہوں خواہ بڑی ہوں۔ یہاں تك كہ اندھیروں كے ذرے بھی اس پر ظاہر ہیں۔ وہ اتنی بڑی وسیع رحمت والا ہے كہ تمام مخلوق کو اس كی رحمت شامل ہے۔ وہ دنیا اور آخرت میں رحمن بھی ہے اور رحیم بھی ہے۔