سورة الواقعة - آیت 74
فَسَبِّحْ بِاسْمِ رَبِّكَ الْعَظِيمِ
ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی
پس اپنے بہت بڑے رب کے نام کی تسبیح کیا کرو۔
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
پروردگار کی تسبیح بیان کرو: یعنی تم سب کو چاہیے کہ بہت بڑی قدرتوں کے مالک اللہ کی ہر وقت پاکیزگی بیان کرتے رہو، جس نے آگ جیسی جلا دینے والی چیز کو تمہارے لیے نفع دینے والی بنا دیا، جس نے پانی کو کھاری اور کڑوا نہ کر دیا کہ تم پیاس کے مارے تکلیف اٹھاؤ بلکہ اسے میٹھا، صاف شفاف اور مزے دار بنا دیا۔ دنیا میں رب کی ان نعمتوں کا فائدہ اٹھاؤ اور اس کا شکر بجا لاؤ تو پھر آخرت میں بھی فائدے ہی فائدے ہیں۔ دنیا میں یہ آگ تمہارے فائدے کے لیے بنائی ہے اور ساتھ ہی اس لیے کہ آخرت کی آگ کا بھی اندازہ تم کر سکو اور اس سے بچنے کے لیے خدا کے فرمانبردار بن جاؤ۔