سورة الرحمن - آیت 46

وَلِمَنْ خَافَ مَقَامَ رَبِّهِ جَنَّتَانِ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

اور اس شخص کے لئے جو اپنے رب کے سامنے کھڑا ہونے سے ڈرا دو جنتیں ہیں (١)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

فكر آخرت اور انسان: یعنی جو شخص قیامت كے دن اپنے رب كے سامنے كھڑا ہونے كا ڈر اپنے دل میں ركھتا ہے اور اپنے تئیں نفس كی خواہشوں سے بچاتا ہے۔ اور سركشی نہیں كرتا۔ دنیا کی زندگی كے پیچھے پڑ كر آخرت سے غفلت نہیں كرتا بلكہ آخرت كی فكر زیادہ كرتا ہے اور اسے بہتر اور پائیدار سمجھتا ہے۔ فرائض بجا لاتا ہے۔ محرمات سے ركتا ہے تو قیامت كے دن اسے دو جنتیں ملیں گیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں كہ دو جنتیں چاندی كی ہوں گی اور ان كا كل سامان بھی چاندی كا ہی ہوگا اور دو جنتیں سونے كی ہوں گی اور ان كے برتن اور جو كچھ ان میں ہے سب سونے كا ہوگا، ان جنتوں میں اور دیدار باری میں كوئی چیز حائل نہ ہوگی سوائے اس كبریائی كے پردے كے كہ جو اللہ تعالیٰ عزوجل كے چہرے پر ہے، یہ جنت عدن میں ہوں گے۔ (بخاری: ۴۸۷۸)