سورة الرحمن - آیت 3
خَلَقَ الْإِنسَانَ
ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی
اسی نے انسان کو پیدا کیا (٢)
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
انسان پر اللہ کے احسانات کی ایک جھلک: اللہ ہی نے انسان کو پیدا کیا تو انسان کی ہدایت بھی اللہ کے ذمہ تھی۔ لہٰذا اللہ تعالیٰ نے یہ قرآن نازل فرما کر اس ذمہ داری کو پورا کر دیا۔ قرآن کا اتارنا اس کی رحمت کا بھی تقاضا تھا اور اس کی خالقیت کا بھی، پھر وہ خالق ہونے کے ساتھ ساتھ مالک بھی ہے۔ اور ہر چیز بشمول انسان اس کی مملوک ہے۔ اور ہر مالک کا اپنی مملوک کو یہ بتانا ضروری ہوتا ہے کہ اس سے وہ کیا کام لینا چاہتا ہے۔ اور کس مقصد کے لیے اسے بنایا گیا ہے۔ لہٰذا اللہ تعالیٰ کو بھی انسانوں کو یہ بتانا ضروری تھا کہ ان کا مقصد حیات کیا ہے؟ اور یہ ضرورت قرآن اُتار کر پوری کر دی گئی۔