سورة آل عمران - آیت 168
الَّذِينَ قَالُوا لِإِخْوَانِهِمْ وَقَعَدُوا لَوْ أَطَاعُونَا مَا قُتِلُوا ۗ قُلْ فَادْرَءُوا عَنْ أَنفُسِكُمُ الْمَوْتَ إِن كُنتُمْ صَادِقِينَ
ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب
یہ وہ لوگ ہیں جو خود بھی بیٹھے رہے اور اپنے بھائیوں کی بابت کہا کہ اگر وہ بھی ہماری بات مان لیتے تو قتل نہ کئے جاتے کہہ دیجئے! کہ اگر تم سچے ہو تو اپنی جانوں سے موت کو ہٹا دو (١)۔
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
منافقین خود تو جہاد میں حصہ نہیں لیتے تھے دوسرے ان کے جو بھائی جہاد میں حصہ لے رہے تھے انھیں ملامت شروع کردی کہ اگر وہ ہماری بات مان لیتے تو قتل نہ کیے جاتے، اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اگر تم سچے ہو تو اپنے سے موت کو ٹال کر دکھاؤ۔ مطلب یہ ہے کہ تقدیر سے کسی کو مفر نہیں۔ موت جہاں اور جیسے مقدر میں ہے وہاں اُسی صورت میں آکر رہے گی اس لیے جہاد اور اللہ کی راہ میں لڑنے سے فرار اور گریز کسی کی موت کو نہیں ٹال سکتا۔