سورة آل عمران - آیت 167

وَلِيَعْلَمَ الَّذِينَ نَافَقُوا ۚ وَقِيلَ لَهُمْ تَعَالَوْا قَاتِلُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ أَوِ ادْفَعُوا ۖ قَالُوا لَوْ نَعْلَمُ قِتَالًا لَّاتَّبَعْنَاكُمْ ۗ هُمْ لِلْكُفْرِ يَوْمَئِذٍ أَقْرَبُ مِنْهُمْ لِلْإِيمَانِ ۚ يَقُولُونَ بِأَفْوَاهِهِم مَّا لَيْسَ فِي قُلُوبِهِمْ ۗ وَاللَّهُ أَعْلَمُ بِمَا يَكْتُمُونَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اور منافقوں کو بھی معلوم کرلے (١) جن سے کہا گیا کہ آؤ اللہ کی راہ میں جہاد کرو یا کافروں کو ہٹاؤ تو وہ کہنے لگے کہ اگر ہم لڑائی جانتے ہوتے تو ضرور ساتھ دیتے (٢) وہ اس دن بہ نسبت ایمان کے کفر کے بہت نزدیک تھے (٣) اپنے منہ سے وہ باتیں بناتے ہیں جو ان کے دلوں میں نہیں اور اللہ تعالیٰ خوب جانتا ہے جسے وہ چھپاتے ہیں۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

منافق اس دن اپنے قول و فعل کے اعتبار سے کفر سے زیادہ نزدیک تھے۔ وہ مونہوں سے ایسی باتیں کہتے تھے جو ان کے دلوں میں نہیں ہوتی تھیں، ایمان کا اظہار کرتے ہیں مگر ایمان دلوں میں نہیں ہوتا تھا۔ عبداللہ بن اُبی کی طرف اشارہ ہے جب وہ اپنے تین سو ساتھیوں سمیت واپس جانے لگا تو مسلمانوں نے اُسے سمجھایا کہ آج مشکل وقت میں چھوڑ کر جارہے ہو اگر تم لڑنا نہیں چاہتے تو کم ازکم شہر مدینہ کا دفاع ہی کرو۔ اور مسلمانوں کے گھروں کی حفاظت کرو۔ عبداللہ بن اُبی نے مسلمانوں کو جواب دیا کہ ہم تو فنون جنگ سے واقف ہی نہیں پھر تمہارا ساتھ کیسے دے سکتے ہیں۔ دراصل یہ طنزیہ جواب تھا کہ جب ہمارے مشورے کو نہیں مانا اور چند پُرجوش جوانوں کے مشورہ کو ترجیح دی گئی کہ باہر کھلے میدان میں لڑنا چاہیے، اب وہی لوگ تمہارا ساتھ دیں گے فنون جنگ کو جاننے والے تو وہ لوگ ہوئے ہم کہاں ہوئے۔ دراصل عبداللہ بن اُبی چاہتا تھا کہ مسلمان تباہ و برباد ہوجائیں اور اُسے کھوئی ہوئی ریاست پھر سے مل جائے۔ بظاہر انھوں نے جواب دے دیا کہ اگر ہم لڑائی جانتے تو ضرور تمہارا ساتھ دیتے، حالانکہ اللہ تعالیٰ کو تو سب کچھ معلوم ہے جو انھوں نے دلوں میں چھپا رکھا ہے۔