أَوَلَمَّا أَصَابَتْكُم مُّصِيبَةٌ قَدْ أَصَبْتُم مِّثْلَيْهَا قُلْتُمْ أَنَّىٰ هَٰذَا ۖ قُلْ هُوَ مِنْ عِندِ أَنفُسِكُمْ ۗ إِنَّ اللَّهَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ
(کیا بات ہے) کہ جب تمہیں ایک ایسی تکلیف پہنچی کہ تم اس جیسی دو چند پہنچا چکے (١) تو یہ کہنے لگے یہ کہاں سے آ گئی؟ آپ کہہ دیجئے کہ یہ خود تمہاری طرف سے ہے (٢) بیشک اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے۔
یہاں جس مصیبت کا بیان ہورہا ہے۔ یہ اُحد کی مصیبت ہے جس میں ستر صحابہ شہید ہوئے تھے اور اس سے دوگنی مصیبت مسلمانوں نے کافروں کو پہنچائی تھی بدر کے دن ستر کافر قتل کیے گئے تھے اور ستر قیدی بنا لیے گئے تھے۔ تو مسلمان کہنے لگے یہ مصیبت کہاں سے آگئی ۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ یہ تمہاری اپنی اس غلطی کی وجہ سے ہے جو رسول اللہ کے تاکیدی حکم کے باوجود پہاڑی مورچہ چھوڑکر تم نے کی تھی، تم نے صبر کا دامن ہاتھ سے چھوڑدیا بعض کام تقویٰ کے خلاف کیے، مال کی طمع میں مبتلا ہوئے، آپس میں اختلاف کیا، اب کیوں پوچھتے ہو کہ یہ مصیبت کہاں سے آگئی ۔ اللہ تعالیٰ نے تمہیں باوجود کمزور ہونے کے بدر کے میدان میں فتح عظیم عطا فرمائی تھی۔ تو اللہ اگر اس حال میں تمہیں فتح عطا فرما سکتا ہے تو وہ تمہیں شکست بھی دلواسکتا ہے کیونکہ وہ ہرچیز پر قادر ہے۔