سورة الجاثية - آیت 16

وَلَقَدْ آتَيْنَا بَنِي إِسْرَائِيلَ الْكِتَابَ وَالْحُكْمَ وَالنُّبُوَّةَ وَرَزَقْنَاهُم مِّنَ الطَّيِّبَاتِ وَفَضَّلْنَاهُمْ عَلَى الْعَالَمِينَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

یقیناً ہم نے بنی اسرائیل کو کتاب، حکومت (١) اور نبوت دی تھی اور ہم نے انہیں پاکیزہ اور نفیس روزیاں دی تھیں اور انہیں دنیا والوں پر فضیلت دی تھی۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

بنی اسرائیل پر اللہ کے احسانات: یعنی ہم نے بنی اسرائیل کو تمام دینی اور دنیوی نعمتوں سے نواز تھا۔ ان میں ہزاروں کی تعداد میں پیغمبر مبعوث کیے گئے ان میں سے کئی بادشاہ بھی تھے۔ انھیں بنی نوعِ انسان کی ہدایت کے لیے تورات بھی دی تھی، اور کھانے پینے کو بہت وافر اور پاکیزہ رزق عطا کیا تھا۔ گویا اپنے دور میں بنی اسرائیل کو بقایا تمام اقوام پر ترجیح دی۔ انھیں ہم نے ہی خصوصی انعامات سے نوازا تھا۔