سورة الزخرف - آیت 71

يُطَافُ عَلَيْهِم بِصِحَافٍ مِّن ذَهَبٍ وَأَكْوَابٍ ۖ وَفِيهَا مَا تَشْتَهِيهِ الْأَنفُسُ وَتَلَذُّ الْأَعْيُنُ ۖ وَأَنتُمْ فِيهَا خَالِدُونَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

ان کے چاروں طرف سے سونے کی رکابیاں اور سونے کے گلاسوں کا دور چلایا جائے گا (١) ان کے جی جس چیز کی خواہش کریں اور جس سے ان کی آنکھیں لذت پائیں، سب وہاں ہوگا اور تم اس میں ہمیشہ رہو گے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

جنت میں چاروں طرف سے ان کے سامنے طرح طرح کے مرغن خوش ذائقہ، مرغوب کھانوں کی طشتریاں، رکابیاں اور پیالیاں پیش ہوں گی اور غلام چھلکتے ہوئے جام ہاتھوں میں لیے ادھر اُدھر گردش کر رہے ہوں گے۔ یعنی انھیں مزے دار، خوشبو والے، اچھی رنگت والے، من مانے کھانے پینے كو ملیں گے اہل جنت کی بیویاں حورعین میں سے ہوں گی اور دنیا کی بیویاں الگ ہوں گی اور یہ نعمتیں ہمیشہ رہنے والی ہیں اور تم بھی ہمیشہ یہاں ہی رہو گے۔