سورة فصلت - آیت 54

أَلَا إِنَّهُمْ فِي مِرْيَةٍ مِّن لِّقَاءِ رَبِّهِمْ ۗ أَلَا إِنَّهُ بِكُلِّ شَيْءٍ مُّحِيطٌ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

یقین جانو! کہ یہ لوگ اپنے رب کے روبرو جانے سے شک میں ہیں (١) یاد رکھو کہ اللہ تعالیٰ ہر چیز کا احاطہ کئے ہوئے ہے۔ (٢)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

ان لوگوں کو قیامت کے قائم ہونے کا یقین ہی نہیں اسی لیے بے فکر ہیں۔ نیکیوں سے غافل ہیں۔ برائیوں سے بچتے نہیں حالانکہ اس کا آنا یقینی ہے۔ پھر اللہ تعالیٰ اپنی قدرت کاملہ کو بیان فرما رہا ہے۔ کہ ہر چیز پر اس کا احاطہ ہے۔ قیام قیامت اس پر بالکل سہل ہے۔ ساری مخلوق اس کے قبضے میں ہے جو چاہے کرے کوئی اس کا ہاتھ تھام نہیں سکتا۔ جو اس نے چاہا وہ ہوا، جو چاہے گا وہ ہو کر رہے گا اس کے سوا حقیقی حاکم کوئی نہیں، نہ اس کے سوا کسی کی ذات کسی قسم کی عبادت کے لائق ہے۔ الحمد للہ سورہ حٰم السّجدہ کی تفسیر مکمل ہوئی۔