سورة فصلت - آیت 47

إِلَيْهِ يُرَدُّ عِلْمُ السَّاعَةِ ۚ وَمَا تَخْرُجُ مِن ثَمَرَاتٍ مِّنْ أَكْمَامِهَا وَمَا تَحْمِلُ مِنْ أُنثَىٰ وَلَا تَضَعُ إِلَّا بِعِلْمِهِ ۚ وَيَوْمَ يُنَادِيهِمْ أَيْنَ شُرَكَائِي قَالُوا آذَنَّاكَ مَا مِنَّا مِن شَهِيدٍ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

قیامت کا علم اللہ ہی کی طرف لوٹایا جاتا ہے (١) اور جو جو پھل اپنے شگوفوں میں سے نکلتے ہیں اور جو مادہ حمل سے ہوتی ہے اور جو بچے وہ جنتی ہے سب کا علم اسے ہے (٢) اور جس دن اللہ تعالیٰ ان (مشرکوں) کو بلا کر دریافت فرمائے گا میرے شریک کہاں ہیں، وہ جواب دیں گے کہ ہم نے تو تجھے کہہ سنایا کہ ہم میں سے تو کوئی اس کا گواہ نہیں (٣)۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

علم الٰہی کی وسعتیں: قیامت کب آئے گی اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اس کا علم اس کے سوا اور کسی کو نہیں۔ حضرت جبرائیل علیہ السلام نے جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے قیامت کے بارے میں پوچھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ ’’جس سے پوچھا جا رہا ہے وہ بھی پوچھنے والے سے زیادہ نہیں جانتا۔ (بخاری: ۵۰، مسلم: ۹۹) پھر فرماتا ہے۔ ہر چیز کو اس اللہ کا علم گھیرے ہوئے ہے۔ یہاں تک کہ جو پھل شگوفہ سے نکلے، جس عورت کو حمل رہے، جو بچہ اسے ہو، یہ سب اس کے علم میں ہے۔ زمین و آسمان کا کوئی ذرہ اس کے وسیع علم سے باہر نہیں۔ جیسا کہ سورہ انعام (۵۹) میں ارشاد ہے: ﴿وَ مَا تَسْقُطُ مِنْ وَّرَقَةٍ اِلَّا يَعْلَمُهَا﴾ ’’جو پتا جھڑتا ہے وہ اسے جانتا ہے۔ ہر مادہ کو جو حمل رہتا ہے اور رحم جو کچھ گھٹاتے بڑھاتے رہتے ہیں۔ اللہ خوب جانتا ہے۔‘‘ اس کے پاس ہر چیز کا اندازہ ہے۔ جس قدر عمریں گھٹتی بڑھتی ہیں وہ بھی کتاب میں لکھی ہوئی ہیں کوئی ایسا کام نہیں جو اللہ پر مشکل ہو۔ قیامت والے دن مشرکوں سے تمام مخلوق کے سامنے اللہ تعالیٰ سوال کرے گا کہ جنھیں تم میرے ساتھ پرستش میں شریک کرتے تھے وہ آج کہاں ہیں؟ وہ جواب دیں گے تو ہمارے بارے میں علم رکھتا ہے۔ آج تو ہم میں سے کوئی بھی اس کا اقرار نہ کرے گا کہ تیرا کوئی شریک بھی ہے۔