سورة الزمر - آیت 71

وَسِيقَ الَّذِينَ كَفَرُوا إِلَىٰ جَهَنَّمَ زُمَرًا ۖ حَتَّىٰ إِذَا جَاءُوهَا فُتِحَتْ أَبْوَابُهَا وَقَالَ لَهُمْ خَزَنَتُهَا أَلَمْ يَأْتِكُمْ رُسُلٌ مِّنكُمْ يَتْلُونَ عَلَيْكُمْ آيَاتِ رَبِّكُمْ وَيُنذِرُونَكُمْ لِقَاءَ يَوْمِكُمْ هَٰذَا ۚ قَالُوا بَلَىٰ وَلَٰكِنْ حَقَّتْ كَلِمَةُ الْعَذَابِ عَلَى الْكَافِرِينَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

کافروں کے غول کے غول جہنم کی طرف ہنکائے جائیں گے (١) جب وہ اس کے پاس پہنچ جائیں گے اس کے دروازے ان کے لئے کھول دیئے جائیں گے (٢) اور وہاں کے نگہبان ان سے سوال کریں گے کہ کیا تمہارے پاس تم میں سے رسول نہیں آئے تھے؟ جو تمہارے رب کی آیتیں پڑھتے تھے اور تمہیں اس دن کی ملاقات سے ڈراتے رہتے؟ (٣) یہ جواب دیں گے ہاں درست ہے لیکن عذاب کا حکم کافروں پر ثابت ہوگیا۔ (٤)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

کفار کی آخری منزل: زمر بمعنی آواز، ہر گروہ یا جماعت میں شور اور آوازیں ضرور ہوتی ہیں۔ اسی لیے یہ جماعت اور گروہ کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔ مطلب یہ ہے کہ کافروں کو جہنم کی طرف گروہوں کی شکل میں لے جایا جائے گا۔ ایک گروہ کےپیچھے ایک گروہ، علاوہ ازیں انھیں جہنم کی طرف گروہوں کی شکل میں لے جایا جائے گا۔ انھیں جہنم کی طرف سختی سے دھکیلا جائے گا۔ اور ان کے پہنچتے ہی فوراً جہنم کے ساتوں دروازے کھول دئیے جائیں گے تاکہ سزا میں تاخیر نہ ہو۔ کیا تمہارے پاس رسول نہیں آئے تھے: پھر انھیں محافظ فرشتے شرمندہ کرنے کے لیے اور ندامت بڑھانے کے لیے، ڈانٹ اور جھڑک کر کہیں گے کہ کیا تمہارے پاس تمہاری ہی جنس کے اللہ کے رسول نہیں آئے تھے؟ انہوں نے اللہ کی آیتیں تمہیں پڑھ کر سنائیں۔ اپنے لائے ہوئے سچے دین کی دلیلیں قائم کر دیں۔ تمہیں اس دن کے عذابوں سے ڈرایا۔ کافر اقرار کریں گے۔ کہ ہاں یہ سچ ہے۔ اللہ کے پیغمبر بیشک ہم میں آئے۔ انہوں نے دلیلیں بھی قائم کیں۔ لیکن ہم نے ان کی ایک نہ مانی۔ بلکہ ان کے خلاف کیا ان کا مقابلہ کیا ہماری قسمت میں ہی شقاوت تھی جس کے ہم مستحق تھے ہم نے حق سے گریز کر کے باطل کو اختیار کیا۔ یعنی اپنے آپ کو ملامت کرنے لگیں گے اپنے گناہ کا خود اقرار کریں گے۔