سورة ص - آیت 18

إِنَّا سَخَّرْنَا الْجِبَالَ مَعَهُ يُسَبِّحْنَ بِالْعَشِيِّ وَالْإِشْرَاقِ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

ہم نے پہاڑوں کو اس کے تابع کر رکھا تھا کہ اس کے ساتھ شام کو اور صبح کو تسبیح خوانی کریں۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

سیدنا داؤد کی خوش الحانی: اللہ تعالیٰ نے آپ علیہ السلام کو ایسی سریلی آواز بخشی تھی اور اس میں ایسی شیرینی اور تاثیر تھی کہ جب آپ علیہ السلام ہر روز پہلے پہر اور پچھلے پہر اللہ کی حمد کے ترانے گاتے تو پوری فضا مسحور ہو جاتی تھی۔ پہاڑوں کی وادیوں میں ایسی گونج پیدا ہو جاتی تھی اور یوں محسوس ہوتا تھا کہ پہاڑ بھی آپ علیہ السلام کے ساتھ اللہ کی حمد و ثنا میں شریک ہو گئے ہیں اور پرندے آپ علیہ السلام کے گردوپیش میں جمع ہو کر آپ علیہ السلام کے نغمات نہایت توجہ سے سنتے اور چہچہا کر آپ کے ہم آہنگ ہو جاتے اور اُڑنا بھول جاتے۔