إِنَّ الَّذِينَ يَتْلُونَ كِتَابَ اللَّهِ وَأَقَامُوا الصَّلَاةَ وَأَنفَقُوا مِمَّا رَزَقْنَاهُمْ سِرًّا وَعَلَانِيَةً يَرْجُونَ تِجَارَةً لَّن تَبُورَ
جو لوگ کتاب اللہ کی تلاوت کرتے ہیں (١) اور نماز کی پابندی رکھتے ہیں (٢) اور جو کچھ ہم نے ان کو عطا فرمایا ہے اس میں پوشیدہ اور اعلانیہ خرچ کرتے ہیں (٣) وہ ایسی تجارت کے امیدوار ہیں جو کبھی خسارہ میں نہ ہوگی (٤)۔
کتاب اللہ کی تلاوت کے فضائل: مومن بندوں کی صفتیں بیان ہو رہی ہیں کہ وہ کتاب اللہ کی تلاوت میں مشعول رہتے ہیں۔ ایمان کےساتھ پڑھتے رہتے ہیں نماز کی پابندی یعنی وقت پر ادا کرنا اور پورے ارکان اور خشوع و خصوع کے ساتھ ادا کرنا ہے۔ ظاہر و باطن میں اللہ کے بندوں کے ساتھ سلوک کرنے والے ہوتے ہیں۔ رات دن، اعلانیہ اور پوشیدہ دونوں طریقوں سے حسب ضرورت خرچ کرتے ہیں ایسے لوگوں کا اجر اللہ کے ہاں یقینی ہے بلکہ بڑھا چڑھا کر ملے گا، جس میں مندے اور کمی کا امکان نہیں۔