سورة الأحزاب - آیت 52

لَّا يَحِلُّ لَكَ النِّسَاءُ مِن بَعْدُ وَلَا أَن تَبَدَّلَ بِهِنَّ مِنْ أَزْوَاجٍ وَلَوْ أَعْجَبَكَ حُسْنُهُنَّ إِلَّا مَا مَلَكَتْ يَمِينُكَ ۗ وَكَانَ اللَّهُ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ رَّقِيبًا

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

اس کے بعد اور عورتیں آپ کے لئے حلال نہیں اور نہ (درست ہے) کہ ان کے بدلے اور عورتوں سے (نکاح کرے) اگرچہ ان کی صورت اچھی بھی لگتی ہو (١) مگر جو تیری مملوکہ ہوں (٢) اور اللہ تعالیٰ ہر چیز کا (پورا) نگہبان ہے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اس آیت کے دو مطلب ہیں ایک یہ کہ آپ کو جن چار قسم کی بیویوں سے نکاح کر لینے کی اجازت دی جا چکی ہے۔ ان کے علاوہ دوسری عورتیں آپ پر حلال نہیں بس یہی کافی ہیں۔ اور دوسرا مطلب یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیویاں اس بات پر آمادہ ہو گئی ہیں کہ جو روکھا سوکھا ملے اس بات پر وہ صابر شاکر رہیں اور باری کا مطالبہ کر کے بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو پریشان نہ کریں، نہ اسے وجہ نزاع بنائیں، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے بھی یہ جائز نہیں کہ ان صابر و شاکر بیویوں میں سے کسی کو طلاق دے دیں اور اس کی جگہ کوئی اور لے آئیں۔ خواہ وہ خوبصورت ہی کیوں نہ ہو، اب آپ کو بھی انھیں بیویوں پر صابر و شاکر رہنا ہو گا۔ کنیزوں کی رخصت کا غلط استعمال: یعنی کنیزوں کی تعداد پر شریعت نے کوئی پابندی عائد نہیں کی۔ کیونکہ ان کا انحصار کسی جنگ میں قیدی عورتوں پر منحصر ہوتا ہے اور یہ مستقبل کے حالات ہیں جو کبھی ایک جیسے نہیں ہوتے۔ لیکن اس اجازت کا یہ مطلب بھی نہیں کہ نواب اور امیر کبیر حضرات عیش و عشرت کے لیے جتنی کنیزیں چاہیں خرید کر اپنے گھروں کے اندر ڈالتے جائیں۔ یہ اس اجازت کا غلط استعمال ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی کنزیں صرف دو تھیں ایک ماریہ قبطیہ جن کے بطن سے سیدنا ابراہیم رضی اللہ عنہ پیدا ہوئے تھے اور دوسری ریحانہ ( رضی اللہ عنہا ) ۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے انتقال سے پہلے ہی اللہ تعالیٰ نے آپ کے لیے اور عورتیں بھی حلال کر دی تھیں۔ (ترمذی: ۳۲۱۶، ابن حبان: ۶۲۶۶)