سورة لقمان - آیت 17

يَا بُنَيَّ أَقِمِ الصَّلَاةَ وَأْمُرْ بِالْمَعْرُوفِ وَانْهَ عَنِ الْمُنكَرِ وَاصْبِرْ عَلَىٰ مَا أَصَابَكَ ۖ إِنَّ ذَٰلِكَ مِنْ عَزْمِ الْأُمُورِ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اے میرے پیارے بیٹے! تو نماز قائم رکھنا اچھے کاموں کی نصیحت کرتے رہنا، برے کاموں سے منع کیا کرنا اور جو مصیبت تم پر آئے صبر کرنا (١) (یقین مان) کہ یہ بڑے تاکیدی کاموں میں سے ہے (٢)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

سیدنالقمان علیہ السلام کی بیٹے کودوسری نصیحتیں: نماز کو ہمیشگی کے ساتھ باجماعت اداکرتے رہنا۔یہ کوئی معمولی کام نہیں،بلکہ یہ کام باہمت لوگوں کا ہے۔ اسی طرح اچھے کاموں کاحکم دینا،اورلوگوں کوبُرے کاموں سے روکتے رہنابھی عام لوگوں کے بس کی بات نہیں بلکہ یہ بھی صاحب عزم لوگ ہی کرسکتے ہیں۔اس سے یہ بھی ازخودمعلوم ہوتاہے کہ جولوگ دوسروں کواچھے کاموں کاحکم دیں اوربرے کاموں سے روکنے کافریضہ سرانجام دیں۔انہیں لامحالہ لوگوں کی طرف سے ایذائیں پہنچیں گی کیونکہ یہ پیغمبروں کا اسوہ ہے۔ اسی لیے پیغمبروں کولوگ ستاتے اوردکھ پہنچاتے ہیں۔اسی لیے ساتھ ہی یہ بھی فرمایاکہ اس راہ میں اگرتجھے دکھ اورایذاپہنچے تواسے خندہ پیشانی سے برداشت کراوریہ کہ مصائب پرصبرکرنابھی کوئی معمولی کام نہیں صاحب عزم وہمت ہی یہ تینوں کام بجالاسکتے ہیں۔ (تیسیرالقرآن) نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہر کام کا سر اسلام ہے اور اس کا ستون نماز ہے اور اس کے کوہان کی چوٹی جہاد ہے۔ (ترمذی: ۲۶۱۶)