سورة القصص - آیت 44

وَمَا كُنتَ بِجَانِبِ الْغَرْبِيِّ إِذْ قَضَيْنَا إِلَىٰ مُوسَى الْأَمْرَ وَمَا كُنتَ مِنَ الشَّاهِدِينَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اور طور کے مغرب کی جانب جب کہ ہم نے موسیٰ (علیہ السلام) کو حکم احکام کی وحی پہنچائی تھی، نہ تو تو موجود تھا اور نہ تو دیکھنے والوں میں سے تھا (١)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

دلیل نبوت: اللہ تعالیٰ اپنے آخری نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نبوت کی دلیل بیان کرتا ہے کہ ایک وہ شخص جو محض اُمی ہو، جس نے ایک حرف بھی نہ پڑھاہو ۔ جو اگلی کتابوں سے محض نا آشناہو، جس کی قوم علمی مشاغل اور گزشتہ تاریخ سے بالکل بے خبر ہو۔ وہ تفصیل اور وضاحت کے ساتھ، کامل فصاحت وبلاغت کے ساتھ بالکل سچے، ٹھیک اور صحیح گزشتہ واقعات اس طرح بیان کرے جیسے یہ اس کے اپنے چشم دید ہوں اور جیسے کہ وہ ان کے ہونے کے وقت خود وہیں موجود ہو،یعنی کوہ طور پر جب ہم نے موسیٰ علیہ السلام سے کلام کیااور اسے وحی و رسالت سے نوازا تو اے محمد! تو نہ وہاں موجود تھا اور نہ یہ منظر دیکھنے والوں میں سے تھا۔ (یعنی ان ۷۰آدمیوں میں سے بھی نہیں تھے جنہوں نے دیدارالٰہی کامطالبہ کیاتھا) بلکہ یہ غیب کی وہ باتیں ہیں جو ہم وحی کے ذریعے سے تجھے بتلا رہے ہیں جو اس بات کی دلیل ہیں کہ تو اللہ کاسچا پیغمبر ہے کیونکہ نہ تو نے یہ باتیں کسی سے سیکھی ہیں، نہ خود ہی ان کامشاہدہ کیاہے۔ یہ مضمون او ر بھی متعدد جگہ بیان کیا گیاہے مثلاً سورۃ آل عمران (۴۴)، سورۃ ہود(۴۹،۱۰۰)سورۃ یوسف (۱۰۲)، سورۃ طٰہ (۹۹) وغیرھا۔