سورة القصص - آیت 21
فَخَرَجَ مِنْهَا خَائِفًا يَتَرَقَّبُ ۖ قَالَ رَبِّ نَجِّنِي مِنَ الْقَوْمِ الظَّالِمِينَ
ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی
پس موسیٰ (علیہ السام) وہاں سے خوفزدہ ہو کر دیکھتے بھالتے نکل کھڑے ہوئے (١) کہنے لگے اے پروردگار! مجھے ظالموں کے گروہ سے بچا لے۔ (٢)
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
جب حضرت موسیٰ علیہ السلام کے علم میں یہ بات آئی تو آپ تن تنہا چپ چاپ نکل کھڑے ہوئے چونکہ اس سے پہلے کی زندگی کے ایام آپ کے شہزادوں کی طرح گزرے تھے اس لیے سفر بہت کڑامعلوم ہوا ۔ لیکن خوف وہراس کے ساتھ ادھر ادھر دیکھتے سیدھے چلے جارہے تھے اور اللہ تعالیٰ سے دعائیں مانگتے رہے تھے کہ اے اللہ مجھے ان ظالموں سے یعنی فرعونیوں سے نجات دے ۔ مروی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کی راہبری کے واسطے ایک فرشتہ بھیجاتھا جو گھوڑے پر آپ کے پاس آیا اور آپ کو راستہ دکھا گیا۔ (ابن کثیر واللہ اعلم)