سورة آل عمران - آیت 20

فَإِنْ حَاجُّوكَ فَقُلْ أَسْلَمْتُ وَجْهِيَ لِلَّهِ وَمَنِ اتَّبَعَنِ ۗ وَقُل لِّلَّذِينَ أُوتُوا الْكِتَابَ وَالْأُمِّيِّينَ أَأَسْلَمْتُمْ ۚ فَإِنْ أَسْلَمُوا فَقَدِ اهْتَدَوا ۖ وَّإِن تَوَلَّوْا فَإِنَّمَا عَلَيْكَ الْبَلَاغُ ۗ وَاللَّهُ بَصِيرٌ بِالْعِبَادِ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

پھر بھی اگر یہ آپ سے جھگڑیں تو آپ کہہ دیں کہ میں اور میرے تابعداروں نے اللہ تعالیٰ کے سامنے اپنا سر تسلیم خم کردیا ہے اور اہل کتاب سے اور ان پڑھ لوگوں سے (١) کہہ دیجئے! کہ کیا تم بھی اطاعت کرتے ہو؟ پس اگر یہ بھی تابعدار بن جائیں تو یقیناً ہدایت والے ہیں اور اگر یہ رو گردانی کریں، تو آپ پر صرف پہنچا دینا ہے اور اللہ بندوں کو خوب دیکھ بھال رہا ہے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں سے فرمایا کہ میں نے تو اپنا آپ اللہ کے حوالے کردیا ہے اور میرے ساتھیوں نے بھی۔ کیا تم بھی اپنا آپ اللہ کے حوالے کرو گے، اگر انھوں نے مان لیا تو ہدایت پالی اور اگر منہ پھیریں تو آپ کا کام پیغام پہنچا دینا ہے۔ اور اللہ سب دیکھ رہا ہے حق بات کہنے میں ہمیشہ جھگڑا ہوگا اتباع کرنا ضروری ہے۔ اتباع کرنے والا ہدایت پالے گا۔