يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِذَا تَدَايَنتُم بِدَيْنٍ إِلَىٰ أَجَلٍ مُّسَمًّى فَاكْتُبُوهُ ۚ وَلْيَكْتُب بَّيْنَكُمْ كَاتِبٌ بِالْعَدْلِ ۚ وَلَا يَأْبَ كَاتِبٌ أَن يَكْتُبَ كَمَا عَلَّمَهُ اللَّهُ ۚ فَلْيَكْتُبْ وَلْيُمْلِلِ الَّذِي عَلَيْهِ الْحَقُّ وَلْيَتَّقِ اللَّهَ رَبَّهُ وَلَا يَبْخَسْ مِنْهُ شَيْئًا ۚ فَإِن كَانَ الَّذِي عَلَيْهِ الْحَقُّ سَفِيهًا أَوْ ضَعِيفًا أَوْ لَا يَسْتَطِيعُ أَن يُمِلَّ هُوَ فَلْيُمْلِلْ وَلِيُّهُ بِالْعَدْلِ ۚ وَاسْتَشْهِدُوا شَهِيدَيْنِ مِن رِّجَالِكُمْ ۖ فَإِن لَّمْ يَكُونَا رَجُلَيْنِ فَرَجُلٌ وَامْرَأَتَانِ مِمَّن تَرْضَوْنَ مِنَ الشُّهَدَاءِ أَن تَضِلَّ إِحْدَاهُمَا فَتُذَكِّرَ إِحْدَاهُمَا الْأُخْرَىٰ ۚ وَلَا يَأْبَ الشُّهَدَاءُ إِذَا مَا دُعُوا ۚ وَلَا تَسْأَمُوا أَن تَكْتُبُوهُ صَغِيرًا أَوْ كَبِيرًا إِلَىٰ أَجَلِهِ ۚ ذَٰلِكُمْ أَقْسَطُ عِندَ اللَّهِ وَأَقْوَمُ لِلشَّهَادَةِ وَأَدْنَىٰ أَلَّا تَرْتَابُوا ۖ إِلَّا أَن تَكُونَ تِجَارَةً حَاضِرَةً تُدِيرُونَهَا بَيْنَكُمْ فَلَيْسَ عَلَيْكُمْ جُنَاحٌ أَلَّا تَكْتُبُوهَا ۗ وَأَشْهِدُوا إِذَا تَبَايَعْتُمْ ۚ وَلَا يُضَارَّ كَاتِبٌ وَلَا شَهِيدٌ ۚ وَإِن تَفْعَلُوا فَإِنَّهُ فُسُوقٌ بِكُمْ ۗ وَاتَّقُوا اللَّهَ ۖ وَيُعَلِّمُكُمُ اللَّهُ ۗ وَاللَّهُ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيمٌ
اے ایمان والو جب تم آپس میں ایک دوسرے سے میعاد مقرہ پر قرض کا معاملہ کرو تو اسے لکھ لیا کرو (١) اور لکھنے والے کو چاہیے کہ تمہارا آپس کا معاملہ عدل سے لکھے، کاتب کو چاہیے کہ لکھنے سے انکار نہ کرے جیسے اللہ تعالیٰ نے اسے سکھایا ہے پس اسے بھی لکھ دینا چاہیے جس کے ذمہ حق ہو (٢) وہ لکھوائے اور اپنے اللہ تعالیٰ سے ڈرے جو اس کا رب ہے اور حق میں سے کچھ گھٹائے نہیں، جس شخص کے ذمہ حق ہے وہ اگر نادان ہو یا کمزور ہو یا لکھوانے کی طاقت نہ رکھتا ہو تو اس کا ولی عدل کے ساتھ لکھوائے اور اپنے میں سے دو مرد گواہ رکھ لو۔ اگر دو مرد نہ ہوں تو ایک مرد اور دو عورتیں جنہیں تم گواہوں میں پسند کرلو (٤) تاکہ ایک کی بھول چوک کو دوسری یاد دلا دے (٥) اور گواہوں کو چاہیے کہ وہ جب بلائے جائیں تو انکار نہ کریں اور قرض کو جس کی مدت مقرر ہے خواہ چھوٹا ہو یا بڑا ہو لکھنے میں کاہلی نہ کرو، اللہ تعالیٰ کے نزدیک یہ بات بہت انصاف والی ہے اور گواہی کو بھی درست رکھنے والی ہے شک و شبہ سے بھی زیادہ بچانے والی ہے (٦) ہاں یہ اور بات ہے کہ معاملہ نقد تجارت کی شکل میں ہو جو آپس میں تم لین دین کر رہے ہو تم پر اس کے نہ لکھنے میں کوئی گناہ نہیں۔ خرید و فروخت کے وقت بھی گواہ مقرر کرلیا کرو (٧) اور (یاد رکھو کہ) نہ لکھنے والے کو نقصان پہنچایا جائے نہ گواہ کو (٨) اور تم یہ کرو تو یہ تمہاری کھلی نافرمانی ہے، اللہ سے ڈرو اللہ تمہیں تعلیم دے رہا ہے اور اللہ تعالیٰ ہر چیز کو خوب جاننے والا ہے۔
یہ قرآن کی سب سے لمبی آیت ہے جس میں ادھار سے متعلقہ معاملات کو ضبط تحریر میں لانے کی ہدایت دی جارہی ہے۔ سودی نظام کی ممانعت کے بعد صدقات و خیرات کی تاکید کی گئی اور فرمایا قرض کا لین دین مقررہ مدت تک لکھ لیا کرو۔ ایمان والوں کو مخاطب کیا گیا ہے راستہ واضح کیاگیا ہے معیشت کی تنگی پر یہ آیات نازل ہوئیں تاکہ انسان کسی معاملہ پر ٹھوکر نہ کھائے ورنہ ایمان بھی متاثر ہوسکتا ہے۔ قرض دو آدمیوں کے درمیان لین دین کا معاملہ: واپسی کی اُمید کے ساتھ قرض دیا جاتا ہے لکھنے کی صورت میں مفاد کا تحفظ ہوتا ہے ۔ عدل کے ساتھ لکھنا: دونوں فریقوں کے درمیان جو معاملہ ہورہا ہے اس کو عدل کے ساتھ کوئی لکھنے والا لکھے اور لکھنے سے انکار نہ کرے ۔ کاتب لکھنے میں اللہ کے بتائے ہوئے اصول پر لکھے یعنی وہ اللہ سے ڈرتا ہو رقم کی صحیح تعداد لکھوائے کمی بیشی نہ کرے۔ لکھوائے کون؟ جو قرض لے رہا ہے وہ تقویٰ کے ساتھ لکھوائے اللہ کا ڈر دل میں ہو۔بے خوف انسان امانت کا معاملہ نہیں کرتا ڈنڈی مار جاتا ہے۔ جیسے روزہ میں انسان اللہ سے ڈرتے ہوئے تنہائی میں بھی کچھ نہیں کھاتا۔ اسی طرح قرض کے معاملہ کو بھی اللہ دیکھ رہا ہے اس لیے انصاف کے ساتھ لکھنا ہے اور اس میں کوئی کمی نہیں کرنی۔ قرض لینے اور دینے والے افراد مختلف کمزوریوں میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔ مثلاً بوڑھا، نادان، لکھوانے کی قدرت نہ رکھتا ہو اور جس نے قرض لینا ہوتو اس کا ولی اس کی مدد کرے ۔ اور ولی بھی انصاف کے ساتھ لکھوائے، کسی کے دبا ؤ میں آکر کم یا زیادہ نہ لکھ دے۔ گواہ بنادو: معاملات میں شک کی گنجائش رہتی ہے اس لیے اللہ تعالیٰ نے فرمایا، کہ اپنے مردوں میں سے دو گواہ بنالو تاکہ یہ تسلی ہوجائے کہ قرض واپس ہوجائے گا عام طور پر مالی معاملات مرد طے کرتے ہیں، بعض اوقات عورتیں بھی یہ کام کرتی ہیں۔ عورت کی گواہی آدھی کیوں؟ ایک مرد کے مقابلے میں دو عورتوں کی گواہی میں علت و حکمت یہ ہے كہ عورت عقل اور یاد داشت میں مرد سے کمزور ہے اور یہ ایک فطری کمزوری ہے جو اللہ تعالیٰ کی حکمت و مشیت پر مبنی ہے۔ اس بنیاد پر انھیں کم ترنہیں کہا جاسکتا، گواہی دینا عورت کا مقام نہیں ہے۔ جلد باز ہے بھول جاتی ہے ۔ اس وجہ سے دو عورتوں کی گواہی رکھی گئی کہ اگرایک بھول جائے تو دوسری یاد کرادے۔ عورت مردوں کے معاملات پر پورا عبور نہیں رکھتی، مالی معاملات میں عورت کو مستثنیٰ قراردیا ہے۔ جن معاملات میں مرد موجود نہیں ہوتے وہاں عورت کی گواہی کو قبول کیا جاتاہے، جیسے ولادت اور رضاعت وغیرہ۔ عورت كو حدود و قصاص کی گواہی دینے سے روکا گیا، چار عورتوں کی شہادت پر حضرت علی رضی اللہ عنہ نے فیصلہ بھی دیا۔ لیکن بہر حال گواہی عورت کا حق نہیں ہے البتہ نظریہ ضرورت کے تحت گواہی قبول کی جاتی ہے۔ گواہوں کو جب بھی بلایا جائے انکار نہیں کرنا ہوگا: اور سستی نہ کرو، لیکن انسان ذمہ داریوں سے بچنا چاہتا ہے نفع و نقصان کا علم رکھنے والا سستی نہیں کرے گا، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے حکم دیا ہے کہ قرضہ چھوٹا ہویا بڑا لکھنے میں سستی نہیں کرنی۔ لکھنے کے فوائد: انصاف کے تقاضے پورے ہونگے، گواہی بھی درست ہوگی۔ گواہ کے فوت ہونے کی صورت میں بھی تحریر کام آئے گی اور فریقین شک و شبہ سے بھی محفوظ رہیں گے۔ لکھنا ضروری ہے: وہ خریدوفروخت جس میں ادھار ہو یا سودا طے ہوجانے کے بعد بھی انحراف کا خطرہ ہو۔ ورنہ پہلے نقد سودے کو لکھنے سے مستثنیٰ کردیا گیا ہے۔ لکھنے والوں کو نقصان نہ پہنچایا جائے: ان کو گواہی دینے کے لیے دور دراز علاقوں میں بلایا جائے جس سے ان كے کام کا حرج ہو یا نقصان ہو، یا ان کو جھوٹی گواہی لکھنے اور دینے پر مجبور کیا جائے۔ اللہ تعلیم دے رہا ہے: یعنی جن باتوں کی تاکید کی گئی ہے ان پر عمل کرو۔ اور جن چیزوں سے روکا ہے، ان سے بچو، اور اللہ تعالیٰ ہر چیز کو خوب جاننے والا ہے۔