فَتَعَالَى اللَّهُ الْمَلِكُ الْحَقُّ ۖ لَا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْكَرِيمِ
اللہ تعالیٰ سچا بادشاہ ہے وہ بڑی بلندی والا ہے (١) اس کے سوا کوئی معبود نہیں، وہی بزرگ عرش کا مالک ہے (٢)
اللہ تعالیٰ نے کبھی کوئی چیز بے کار پیدا نہیں کی: یعنی اللہ تعالیٰ ہی حقیقی خالق و مالک اور بادشاہ ہے۔ اس کی شان اس سے بہت بلند ہے کہ وہ کوئی چیز بے کار و بے فائدہ پیدا کرے۔ اس نے جس چیز کو بھی پیدا کیا متعدد اغراض و مصالح کے تحت پیدا کیا اور جو نتائج اس سے مطلوب ہیں وہ حاصل ہو رہے ہیں اور ہو کر رہیں گے۔ اس کی ذات اس چیز سے بھی بلند ہے کہ ظالموں کو ان کے ظلم کی سزا نہ دے یا مخلص بندوں کو ان کے اعمال کا پورا پورا بدلہ نہ دے۔ اس کے علاوہ کوئی ایسا حاکم نہیں جو اس کے فیصلوں پر اثر انداز ہو سکے یا سفارش کر کے اس کے فیصلوں میں رد و بدل کروا سکے۔ کائنات کی سب سے بڑی چیز یعنی عرش عظیم کا بھی وہی مالک ہے۔ پھر کوئی دوسری چیز کس شمار قطار میں ہو سکتی ہے۔