يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تُبْطِلُوا صَدَقَاتِكُم بِالْمَنِّ وَالْأَذَىٰ كَالَّذِي يُنفِقُ مَالَهُ رِئَاءَ النَّاسِ وَلَا يُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ ۖ فَمَثَلُهُ كَمَثَلِ صَفْوَانٍ عَلَيْهِ تُرَابٌ فَأَصَابَهُ وَابِلٌ فَتَرَكَهُ صَلْدًا ۖ لَّا يَقْدِرُونَ عَلَىٰ شَيْءٍ مِّمَّا كَسَبُوا ۗ وَاللَّهُ لَا يَهْدِي الْقَوْمَ الْكَافِرِينَ
اے ایمان والو اپنی خیرات کو احسان جتا کر اور ایذا پہنچا کر برباد نہ کرو جس طرح وہ شخص جو اپنا مال لوگوں کے دکھاوے کے لئے خرچ کرے اور نہ اللہ تعالیٰ پر ایمان رکھے نہ قیامت پر، اس کی مثال اس صاف پتھر کی طرح ہے جس پر تھوڑی سی مٹی ہو پھر اس پر زور دار مینہ برسے اور وہ اس کو بالکل صاف اور سخت چھوڑ دے (١) ان ریاکاروں کو اپنی کمائی میں سے کوئی چیز ہاتھ نہیں لگتی اور اللہ تعالیٰ کافروں کی قوم کو (سیدھی) راہ نہیں دکھاتا۔
اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ صدقہ و خیرات کرکے احسان جتانا اور تکلیف دہ باتیں کرنا اہل ایمان کا شیوہ نہیں بلکہ ان لوگوں کا وطیرہ ہے جو ریا کاری کے لیے خرچ کرتے ہیں اور جو منافق ہیں۔ ایسے خرچ کی مثال اللہ تعالیٰ نے صاف چٹان سے دی ہے۔ جس پر کچھ مٹی ہو، کوئی شخص پیداوار حاصل کرنے کے لیے اس میں بیج بودے لیکن جب بارش ہوتی ہے تو پانی مٹی کو بہالے جاتا ہے اور بیج بھی اس مٹی کے ساتھ بہہ جاتا ہے۔ لہٰذا اب پیداوار کیا ہوسکتی ہے۔ ریاکار کا دراصل اللہ پر اور روز آخرت پر ایمان ہی نہیں ہوتا۔ وہ تو لوگوں کو خوش کرنے کے لیے ہی عمل کرتا ہے اللہ تعالیٰ کے ہاں اجر و ثواب پانے کی اس كی نیت ہی نہیں ہوتی۔ سیّدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کہتے سنا کہ قیامت کے دن پہلا آدمی جس کا فیصلہ کیا جائے گا وہ ایک شہید ہوگا ۔ اللہ تعالیٰ کے ہاں لایا جائے گا اللہ تعالیٰ اس کو اپنی نعمتیں جتلائے گا جن کا وہ اعتراف کرے گا۔ اللہ تعالیٰ فرمائے گا تو پھر تم نے کیا عمل کیا، وہ کہے گا کہ میں تیری راہ میں لڑتا رہا یہاں تک کہ شہید ہوگیا۔ اللہ تعالیٰ فرمائے گا ’’جھوٹ کہتے ہو‘‘ تم تو اس لیے لڑتے رہے کہ لوگ تمہیں بہادر کہیں اور وہ دنیا میں کہلواچکے، پھر اللہ تعالیٰ فرشتوں کو حکم دے گا جو اُسے گھسیٹتے ہوئے جہنم میں جا پھینکیں گے۔ (۲) پھر ایك دوسرے شخص کو لایا جائے گا جس نے دین کا علم سیکھا اور لوگوں کو سکھایا اور قرآن پڑھتا تھا۔ وہی سوال جواب کے بعد اللہ فرمائے گا کہ تو نے دین اس لیے سیكھایا کہ لوگ تجھے عالم کہیں اور قرآن اس لیے پڑھتا رہا کہ لوگ تجھے قاری کہیں سو وہ تو کہلوا چکا پھر اُسے بھی جہنم میں ڈال دیا جائے گا۔ (۳) پھر ایك مال والے شخص کو لایا جائے گا وہی سوال و جواب ہوگا وہ کہے گا کہ میں نے اپنا مال ہر اس راہ میں خرچ کیا جسے تو پسند کرتا تھا۔ اللہ تعالیٰ فرمائے گا جھوٹ تم اس لیے خرچ کرتے تھے کہ لوگ تمہیں سخی کہیں اور وہ تمہیں دنیا میں کہا جاچکا، پھر فرشتے اُسے بھی جہنم میں ڈال دیں گے۔ (مسلم: ۱۹۰۵) ایك حدیث میں ہے: ’’وہ لوگ عرش کے سایہ تلے ہونگے جنھوں نے صدقہ اس طرح کیا کہ بائیں ہاتھ کو خبر نہ ہو۔‘‘ (بخاری:۶۶۰)