قَوْلٌ مَّعْرُوفٌ وَمَغْفِرَةٌ خَيْرٌ مِّن صَدَقَةٍ يَتْبَعُهَا أَذًى ۗ وَاللَّهُ غَنِيٌّ حَلِيمٌ
نرم بات کہنا اور معاف کردینا اس صدقہ سے بہتر ہے جس کے بعد ایذا رسانی ہو (١) اور اللہ تعالیٰ بے نیاز اور بردبار ہے۔
سائل سے نرمی اور شفقت سے بولنا، دعائیہ کلمات جیسے اللہ تجھے بھی اور ہمیں بھی اپنے فضل و کرم سے نوازے وغیرہ سے اس کو جواب دینا قول مصروف ہے۔ و مغفرۃ کا مطلب سائل اور اس کی حاجت کا لوگوں کے سامنے پردہ پوشی کرنا ہے۔ یعنی سائل سے نرمی و شفقت، چشم پوشی، پردہ پوشی اس صدقہ سے بہتر ہے جس کے بعد اس کو لوگوں میں ذلیل و رسوا کرکے اُسے تکلیف پہنچائی جائے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’پاکیزہ کلمہ بھی صدقہ ہے۔‘‘(بخاری: ۶۰۲۱) نیز فرمایا: ’’تم کسی نیکی کو حقیر مت سمجھواگرچہ اپنے بھائی سے خندہ پیشانی سے ملنا ہی ہو۔‘‘ (مسند احمد: ۳/۳۴۴، ح: ۱۴۷۰۸۔ ترمذی: ۱۹۷۰)