سورة البقرة - آیت 261

مَّثَلُ الَّذِينَ يُنفِقُونَ أَمْوَالَهُمْ فِي سَبِيلِ اللَّهِ كَمَثَلِ حَبَّةٍ أَنبَتَتْ سَبْعَ سَنَابِلَ فِي كُلِّ سُنبُلَةٍ مِّائَةُ حَبَّةٍ ۗ وَاللَّهُ يُضَاعِفُ لِمَن يَشَاءُ ۗ وَاللَّهُ وَاسِعٌ عَلِيمٌ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

جو لوگ اپنا مال اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں اس کی مثال اس دانے جیسی ہے جس میں سے سات بالیاں نکلیں اور ہر بالی میں سے سو دانے ہوں، اور اللہ تعالیٰ اسے چاہے اور بڑھا دے (١) اور اللہ تعالیٰ کشادگی والا اور علم والا ہے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

صدقہ کا اجر کیسے گھٹتا اور بڑھتا ہے: اس بیان كردہ مثال میں انفاق فی سبیل اللہ کی ترغیب دی گئی ہے اور بتایا جارہا ہے کہ قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کس طرح ان صدقات کو سینکڑوں گنا بڑھا کر اجر عطا کرے گا۔ ایسی مثال جس کو سب لوگ اپنی آنکھوں سے دیکھ سکتے ہیں یعنی اگر اللہ چاہے تو سات سے زیادہ بالیاں بھی اُگ سکتی ہیں اور ایک بالی میں سو سے زیادہ دانے بھی ہوسکتے ہیں اللہ جس کو چاہتا ہے اُس کو بڑھاتا ہے وہ وسعت والا اور جاننے والا ہے۔ حرام مال سے صدقہ قبول نہیں ہوتا: بیج یا دانہ جس قدر قوی ہوگا تندرست ہوگا اتنی ہی فصل اچھی ہوگی انفاق فی سبیل اللہ میں بیج یادانہ انسان کی نیت ہے۔ نیت جس قدر خالص اور اللہ کی رضا کے لیے ہوگی اسی قدر صدقہ زیادہ پھل لائے گا۔ انبیاء نسل انسانی کے کاشت کار ہیں اس کے بعد یہ فریضہ امت مسلمہ کا ہے کہ وہ مسلسل انفاق کرنے کی کوشش کرتے رہیں: اللہ کی راہ میں دل کی پاکیزگی سے دیا ہوا انفاق اجر بڑھاتا ہے صدقہ کرکے جتانا نہیں چاہیے۔ کسی کو ایذا نہ دی جائے۔ کسی سے توقع نہ رکھی جائے۔ ورنہ صدقہ ضائع ہوجائے گا۔ ایك حدیث میں ہے كہ ’’اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں تم میری راہ میں خرچ کرو تو میں بھی تم پر خرچ کروں گا۔‘‘ (بخاری: ۴۶۸۴) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو كوئی اللہ كی راہ میں كوئی نفقہ دے تو اس كا اجر سات سو گنا تك لكھا جائے گا۔ (ترمذی: ۱۶۲۵، نسائی: ۳۱۸۸)