سورة الحج - آیت 38

إِنَّ اللَّهَ يُدَافِعُ عَنِ الَّذِينَ آمَنُوا ۗ إِنَّ اللَّهَ لَا يُحِبُّ كُلَّ خَوَّانٍ كَفُورٍ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

سن رکھو! یقیناً سچے مومنوں کے دشمنوں کو خود اللہ تعالیٰ ہٹا دیتا ہے (١) کوئی خیانت کرنے والا ناشکرا اللہ تعالیٰ کو ہرگز پسند نہیں۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اللہ تعالیٰ اپنی طرف سے خبر دے رہا ہے کہ جو اس کے بندے اس پر بھروسہ رکھیں، اسی کی طرف جھکتے رہیں، انھیں وہ اپنی امان نصیب فرماتا ہے شریروں کی برائیاں اور دشمنوں کی بدیاں خود ہی ان سے دور کر دیتا ہے، ان پر اپنی مدد نازل فرماتا ہے، انھیں اپنی حفاظت میں رکھتا ہے ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿اَلَيْسَ اللّٰهُ بِكَافٍ عَبْدَهٗ﴾(الزمر: ۳۶) ’’کیا اللہ اپنے بندے کو کافی نہیں۔‘‘