سورة الأنبياء - آیت 59

قَالُوا مَن فَعَلَ هَٰذَا بِآلِهَتِنَا إِنَّهُ لَمِنَ الظَّالِمِينَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

کہنے لگے ہمارے خداؤں کے ساتھ یہ کس نے کیا ؟ ایسا شخص تو یقیناً ظالموں میں سے ہے (١)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

جب ان لوگوں نے میلہ سے واپس آکر اپنے مشکل کشاؤں کی یہ حالت دیکھی تو انھیں بہت دکھ ہوا۔ انھیں یہ خیال تک نہ آیا کہ بڑے بت کے کندھے پر جو کلہاڑا رکھا ہے شاید اسی بڑے خدا نے چھوٹے خداؤں کو تہس نہس کر دیا ہو۔ کیونکہ وہ جانتے تھے کہ بت تو اپنی جگہ سے ہل بھی نہیں سکتے توڑ پھوڑ کا کام کیسے کرسکتے ہیں۔ اور یہی بات سیدنا ابراہیم علیہ السلام انھیں سمجھانا چاہتے تھے۔ انھیں خیال آیا تو صرف یہ کہ جس کسی نے یہ کام کیا ہے وہ بڑا ظالم ہے۔ اس وقت جن لوگوں نے سیدنا ابراہیم علیہ السلام کا یہ کلام سنا تھا انھیں خیال آگیا اور کہنے لگے، وہ نوجوان جس کا نام ابراہیم ہے اُسے ہم نے اپنے معبودوں کی مذمت کرتے ہوئے سنا تھا۔