لَقَدْ أَنزَلْنَا إِلَيْكُمْ كِتَابًا فِيهِ ذِكْرُكُمْ ۖ أَفَلَا تَعْقِلُونَ
یقیناً ہم نے تمہاری جانب کتاب نازل فرمائی ہے جس میں تمہارے لئے ذکر کیا پھر بھی تم عقل نہیں رکھتے
قدرناشناس لوگ: اللہ تعالیٰ اپنے کلام پاک کی فضیلت بیان کرتے ہوئے اس کی قدر و منزلت پر رغبت دلانے کے لیے فرماتا ہے۔ کہ یہ کتاب ہم نے تمھاری طرف اتاری ہے جس میں تمھاری بزرگی ہے۔ اس میں تمھارا دین، تمھاری شریعت اور تمھاری باتیں ہیں۔ تمھاری ہی نفسیات اور تمھارے ہی معاملات زندگی زیر بحث ہیں تمھاری ہی فطرت۔ آغاز و انجام پر گفتگو ہے۔ تمھارے ہی اخلاقی اوصاف میں سے اچھے اور برے اخلاق کے فرق کو نمایاں کرکے دکھایا جا رہا ہے، اس کتاب میں کوئی چیز ایسی نہیں جسے سمجھنے سے تمھاری عقل عاجز ہو۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَ اِنَّهٗ لَذِكْرٌ لَّكَ وَ لِقَوْمِكَ وَ سَوْفَ تُسْـَٔلُوْنَ﴾ (الزخرف: ۴۴) تیرے لیے اور تیری قوم کے لیے یہ نصیحت ہے۔ اور تم اس کے بارے میں ابھی ابھی سوال کیے جاؤ گے۔