سورة طه - آیت 113

وَكَذَٰلِكَ أَنزَلْنَاهُ قُرْآنًا عَرَبِيًّا وَصَرَّفْنَا فِيهِ مِنَ الْوَعِيدِ لَعَلَّهُمْ يَتَّقُونَ أَوْ يُحْدِثُ لَهُمْ ذِكْرًا

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

اس طرح ہم نے تجھ پر عربی میں قرآن نازل فرمایا ہے اور طرح طرح سے اس میں ڈر کا بیان سنایا ہے تاکہ لوگ پرہیزگار بن (١) جائیں یا ان کے دل میں سوچ سمجھ تو پیدا کرے (٢)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

وعدہ حق، وعید حق: چونکہ قیامت کا دن آنا ہی ہے۔ اور اس دن نیک و بد اعمال کا بدلہ ملنا ہی ہے۔ لوگوں کو ہوشیار کرنے کے لیے ہم نے بشارت دینے والا اور ڈرانے والا اپنا پاک کلام عربی صاف زبان میں اُتارا، تاکہ لوگ برائیوں سے بچیں، بھلائیوں کو حاصل کرنے میں لگ جائیں یا ان کے دلوں میں غور و فکر اور نصیحت و پند پیدا ہو، وہ اطاعت کی طرف جھک جائیں اور نیک کاموں میں لگ جائیں۔ ممکن ہے کہ یہ سوچ ان کی ہدایت کا سبب بن جائے۔