سورة مريم - آیت 53

وَوَهَبْنَا لَهُ مِن رَّحْمَتِنَا أَخَاهُ هَارُونَ نَبِيًّا

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اور اپنی خاص مہربانی سے اس کے بھائی کو نبی بنا کر عطا فرمایا

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

سیدنا ہارون علیہ السلام کب نبی بنے: سیدنا ہارون علیہ السلام سیدنا موسیٰ علیہ السلام کے بڑے بھائی تھے عمر میں تین سال بڑے تھے بڑے پرہیز گار انسان تھے اور سیدنا موسیٰ علیہ السلام کی نسبت فصیح اللسان بھی تھے۔ جب اللہ تعالیٰ نے موسیٰ علیہ السلام کو فرعون جیسے جابر بادشاہ کے پاس جانے، اسے راہ راست کی طرف دعوت دینے اور بنی اسرائیل کی رہائی کا مطالبہ کرنے کے لیے بھیجا تو آپ علیہ السلام نے رب تعالیٰ سے دعا فرمائی کہ میرے بھائی ہارون کو بھی نبوت عطا فرما اور اس عظیم ذمہ داری کے کام میں اسے میرا مدد گار بنا۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے سیدنا موسیٰ علیہ السلام کی دعا قبول فرما کر اور نبوت عطا کرکے انھیں سیدنا موسیٰ علیہ السلام کے ہمراہ کر دیا۔