سورة مريم - آیت 12

يَا يَحْيَىٰ خُذِ الْكِتَابَ بِقُوَّةٍ ۖ وَآتَيْنَاهُ الْحُكْمَ صَبِيًّا

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

اے یحیٰی! میری کتاب (١) کو مضبوطی سے تھام لے اور ہم نے اسے لڑکپن ہی سے دانائی عطا فرما دی (٢)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

سیدنا یحییٰ علیہ السلام کے اوصاف: بشارت کے مطابق حضرت زکریا علیہ السلام کے ہاں حضرت یحییٰ پیدا ہوئے اللہ تعالیٰ نے انھیں تورات سکھا دی جو ان پر پڑھی جاتی تھی جس کے احکام انبیا اور نیک لوگ دوسروں کو تعلیم کرتے تھے اس وقت حضرت یحییٰ علیہ السلام نو عمر لڑکے تھے، اور بچپن میں ہی انھیں آسمانی کتاب (تورات) کا عالم کر دیا۔ حکم دیا کہ خود ا س کے احکام پر پوری طرح عمل کرو اور دوسروں کو بھی اس کی دعوت دو۔ یہی وہ مشن تھا جس کے لیے حضرت زکریا علیہ السلام نے دعا کی تھی چنانچہ اللہ نے سیدنا یحییٰ علیہ السلام کو سن رُشد پر پہنچتے ہی منصب نبوت سے سرفراز فرما کریہ حکم دے دیا تھا اور ساتھ ہی قوت فیصلہ، قوت اجتہاد تفقہ فی الدین، معاملات میں صحیح رائے قائم کرنے کی صلاحیت اور معاملات میں فیصلہ کرنے کا اختیار بھی دے دیا گیا۔