سورة الكهف - آیت 2

قَيِّمًا لِّيُنذِرَ بَأْسًا شَدِيدًا مِّن لَّدُنْهُ وَيُبَشِّرَ الْمُؤْمِنِينَ الَّذِينَ يَعْمَلُونَ الصَّالِحَاتِ أَنَّ لَهُمْ أَجْرًا حَسَنًا

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

بلکہ ہر طرح سے ٹھیک ٹھاک رکھا تاکہ اپنے (١) پاس کی سخت سزا سے ہوشیار کر دے اور ایمان لانے اور نیک عمل کرنے والوں کو خوشخبریاں سنادے کہ ان کے لئے بہترین بدلہ ہے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یہ کتاب لوگوں کو سیدھا راستہ دکھانے والی ہے۔ اس میں کوئی کجی، کمی اور کوئی کسر نہیں یہ کتاب صاف اور واضح ہے۔ بدکاروں کو ڈرانے والی، نیک کاروں کو خوشخبریاں سنانے والی، معتدل اور سیدھی ہے۔ مخالفوں، منکروں کو خوف ناک عذابوں کی خبر دینے والی کتاب ہے۔ جو اس پر یقین کرے، ایمان لائے اور نیک عمل کرے، اسے یہ کتاب اجر عظیم کی خوش خبری سناتی ہے۔ علاوہ ازیں یہ کتاب سابقہ آسمانی کتابوں کے لیے ایک معیار اور کسوٹی کا کام دیتی ہے۔ ایک تو اس میں سابقہ تعلیمات کا خلاصہ موجود ہے۔ دوسرے یہ کہ سابقہ کتابوں کے صحیح اور منزل من اللہ مضامین کی تصدیق بھی کرتی ہے۔ اور اگر کہیں تضاد ہوگا تو وہ اہل کتاب کی تحریف لفظی و معنوی کی وجہ سے ہوگا یا پھر یہ تضاد ان کا اپنی طرف سے اضافہ ہوگا۔