سورة الإسراء - آیت 94

وَمَا مَنَعَ النَّاسَ أَن يُؤْمِنُوا إِذْ جَاءَهُمُ الْهُدَىٰ إِلَّا أَن قَالُوا أَبَعَثَ اللَّهُ بَشَرًا رَّسُولًا

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

لوگوں کے پاس ہدایت پہنچ چکنے کے بعد ایمان سے روکنے والی صرف یہی چیز رہی کہ انہوں نے کہا کیا اللہ نے ایک انسان کو ہی رسول بنا کر بھیجا ؟ (١)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

انبیاء ورسل کے مخالفین کا ہمیشہ یہ اعتراض رہا ہے کہ چونکہ یہ رسول ہماری طرح کا ہی ایک انسان ہے۔ ہماری طرح ہی کھاتا پیتا، چلتا پھرتا او رشادی کرتا ہے۔ اور صاحب اولاد بھی ہے۔ جو احتیاجات ہمیں لاحق ہیں وہ اسے بھی لاحق ہیں تو وہ نبی کیسے ہو سکتا ہے۔ گویا کافر اسی وجہ سے انبیاء کی نبوت کا انکار کرتے تھے کہ وہ بشر ہیں۔