ثُمَّ أَفِيضُوا مِنْ حَيْثُ أَفَاضَ النَّاسُ وَاسْتَغْفِرُوا اللَّهَ ۚ إِنَّ اللَّهَ غَفُورٌ رَّحِيمٌ
پھر تم اس جگہ سے لوٹو جس جگہ سے سب لوگ لوٹتے ہیں (١) اور اللہ تعالیٰ سے بخشش طلب کرتے رہو یقیناً اللہ تعالیٰ بخشنے والا مہربان ہے۔
جو ترتیب اوپر والی آیت میں بتائی گئی ہے اس کے مطابق عرفات جانا اور وہاں وقوف کرکے واپس آنا ضروری ہے اس لیے کہ قریش مکہ عرفات نہیں جاتے تھے مزدلفہ سے ہی لوٹ آتے تھے، چنانچہ حکم دیا جارہا ہے کہ جہاں سے سب لوٹ کر آئے ہیں وہیں سے تم لوگ بھی لوٹ کر آ ؤ۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ ’’قریش اور ان کے طریقہ پر چلنے والے لوگ (عرفات کی بجائے) مزدلفہ میں وقوف کیا کرتے تھے ان لوگوں کو حمس کہتے تھے جبکہ باقی عرب عرفات کا وقوف كیا کرتے جب اسلام کا زمانہ آیا تو اللہ تعالیٰ نے اپنے پیغمبر کو حکم دیا کہ عرفات جائیں وہاں ٹھہریں اور وہیں سے لوٹ کر (مزدلفہ )آئیں۔ ‘‘ (مسند ابو یعلیٰ: ۳/ ۴۳۷)