إِنَّمَا حَرَّمَ عَلَيْكُمُ الْمَيْتَةَ وَالدَّمَ وَلَحْمَ الْخِنزِيرِ وَمَا أُهِلَّ لِغَيْرِ اللَّهِ بِهِ ۖ فَمَنِ اضْطُرَّ غَيْرَ بَاغٍ وَلَا عَادٍ فَإِنَّ اللَّهَ غَفُورٌ رَّحِيمٌ
تم پر صرف مردار اور خون اور سور کا گوشت اور جس چیز پر اللہ کے سوا دوسرے کا نام پکارا جائے حرام ہیں (١) پھر اگر کوئی بے بس کردیا جائے نہ وہ خواہشمند ہو اور نہ حد سے گزر جانے والا ہو تو یقیناً اللہ بخشنے والا رحم کرنے والا ہے۔
اس آیت میں چار چیزوں کا ذکر کیا گیا(۱) مردار (۲)سور کا گوشت (۳)خون (۴) وہ چیز جس پر اللہ کے سوا کسی اور کا نام پکارا گیا ہو۔ سورہ بقرہ۱۷۳ میں بھی بنیادی طور پر یہی چار چیزیں جنھیں صریحاً حرام کہا گیا ہے۔ ۱۔ سورۃ المائدہ (۳) میں مذکور ہے کہ مردار کی کوئی قسم بھی جائزنہیں یعنی خواہ وہ مردار گلا گھٹ کا مرا ہو یا چھڑی کی ضرب سے، یا بلندی سے گر کر یا سینگ کی ضرب سے۔ ۲۔ بہتا ہوا خون: جانور کو ذبح کرتے وقت جو خون بہتا ہے وہ حرام ہے۔ جگر اور تلی کا خون حلال ہے۔ ۳۔ سورہ کا گوشت: اس کی غذائیت ہی غلیظ ہے نجاست اور کوڑا کرکٹ ہے۔ اس کے کھانے سے انسان بیماریوں میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ غیرت ختم ہو جاتی ہے۔ انسانی فطرت کے خلاف ہے۔ انسان پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس میں شہوت رانی کی خصلت پائی جاتی ہے اس لیے یہ حرام ہے۔ ۴۔ وہ چیز جو اللہ کے نام کے سوا کسی اور کے نام پر مشہور کر دی گئی ہو۔ یعنی غیر اللہ کے نام پر جیسے لات، عزیٰ وغیرہ کے نام پر کہ یہ شرک ہے۔ حدسے تجاوز کرنے والا، بغاوت کرنے والا: یعنی جو شخص ان کے کھانے پر بے بس، لاچار، عاجز و محتاج و بے قرار ہو جائے اور انھیں کھالے تو اللہ بخشنے والا، رحمت والا ہے۔ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو تنبیہ فرما رہا ہے کہ جس طرح انھوں نے خود اپنی سمجھ سے حلت و حرمت قائم کر لی ہے تم نہ کرو۔ جیسے انھوں نے بحیرہ، صائبہ، وصیلہ، حام وغیرہ کو خود بخود بتوں کے نام پر مرغوب کر لیا تھا۔