سورة الرعد - آیت 39

يَمْحُو اللَّهُ مَا يَشَاءُ وَيُثْبِتُ ۖ وَعِندَهُ أُمُّ الْكِتَابِ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اللہ جو چاہے مٹا دے اور جو چاہے ثابت رکھے، لوح محفوظ اسی کے پاس ہے (١)۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اس کے ایک معنی تو یہ ہیں کہ وہ جس حکم کو چاہے منسوخ کردے اور جسے چاہے باقی رکھے دوسرے معنی یہ ہیں کہ اس نے جو تقدیر لکھ رکھی ہے اس کو مٹاتا یا قائم رکھتا ہے اس کے پاس لوح محفوظ ہے اس کی تائید بعض احادیث و آثار سے ہوتی ہے ۔ چنانچہ ایک حدیث میں آتا ہے: ’’آدمی گناہوں کی وجہ سے رزق سے محروم کردیاجاتاہے۔ دعا سے تقدیر بدل جاتی ہے اور صلہ رحمی سے عمر میں اضافہ ہوتاہے۔‘‘ (ترمذی: ۲۱۳۹۔ بخاری: ۵۹۸۵) حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ وہ دوران طواف روتے ہوئے یہ دعا پڑھتے تھے اے اللہ اگر تونے مجھ پر بدبختی اور گناہ لکھاہے تو اسے مٹادے اس لیے کہ تو جو چاہے مٹائے اور جو چاہے باقی رکھے تیرے پاس ہی لوح محفوظ ہے پس تو بد بختی کو سعادت اور مغفرت سے بدل دے۔ (ابن کثیر)