سورة الرعد - آیت 20

الَّذِينَ يُوفُونَ بِعَهْدِ اللَّهِ وَلَا يَنقُضُونَ الْمِيثَاقَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

جو اللہ کے عہد و پیمان کو پورا کرتے ہیں (١) اور قول و قرار کو توڑتے نہیں۔ (٢)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

ہدایت قبول کرنے والوں کی صفات: اگلی آیات میں ایسی چند صفات کا ذکر ہے جن پر عمل کرنے والے جنت کے وارث بنیں گے (۱)پہلی صفت یہ کہ وہ اللہ سے کیے ہوئے عہد کو پورا کرتے ہیں اس عہد سے مراد عہد الست ہے جو ہر انسان کی فطرت میں ودیعت کر دیا گیا ہے۔ اور جب انسان یہ محسوس کرتا ہے کہ وہ اسی کے عطا کردہ رزق پر پرورش پا رہا ہے۔ اور اُسی کی عطا کردہ قوتوں کو استعمال کر رہا ہے تو اُسے از خود یہ اندازہ ہو جاتا ہے کہ پھر بندگی کے لائق بھی صرف وہی ہو سکتا ہے۔ (۲)دوسری صفت یہ ہوتی ہے کہ وہ دوسرے لوگوں سے کہیے ہوئے عہد کو بھی نہیں توڑتے اس میں خرید و فروخت، لین دین اور نکاح وغیرہ سب شامل ہیں