سورة یوسف - آیت 62

وَقَالَ لِفِتْيَانِهِ اجْعَلُوا بِضَاعَتَهُمْ فِي رِحَالِهِمْ لَعَلَّهُمْ يَعْرِفُونَهَا إِذَا انقَلَبُوا إِلَىٰ أَهْلِهِمْ لَعَلَّهُمْ يَرْجِعُونَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اپنے خدمت گاروں سے کہا کہ (١) ان کی پونجی انہی کی بوریوں میں رکھ دو (٢) کہ جب لوٹ کر اپنے اہل و عیال میں جائیں اور پونجیوں کو پہچان لیں تو بہت ممکن ہے کہ پھر لوٹ کر آئیں۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

حضرت یوسف علیہ السلام نے بھائیوں کی اچھی طرح مہمان نوازی کی اور اپنے خادموں کو یہ اشارہ بھی کر دیا کہ جو رقم غلہ کی قیمت میں ان سے وصول کی گئی ہے وہ بھی ان کے غلہ میں واپس رکھ دی جائے۔ اور یہ کام انھوں نے اس غرض سے کیا کہ ممکن ہے انھیں دوبارہ آنے کے لیے رقم میسر نہ ہو اور وہ آہی نہ سکیں یا بڑی دیر بعد میسر ہو اور اس صورت میں بڑی دیر بعد میرے بھائی بنیامین کو ساتھ لے کر آئیں۔