إِنَّ الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ يَهْدِيهِمْ رَبُّهُم بِإِيمَانِهِمْ ۖ تَجْرِي مِن تَحْتِهِمُ الْأَنْهَارُ فِي جَنَّاتِ النَّعِيمِ
یقیناً جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے نیک کام کئے ان کا رب ان کو ان کے ایمان کے سبب ان کے مقصد تک پہنچا دے گا (١) نعمت کے باغوں میں جن کے نیچے نہریں جاری ہونگی۔
خوش انجام خوش نصیب لوگ: یہاں نیک بختوں کا بیان ہو رہا ہے جو ایمان لے آئے قیامت والے دن اللہ تعالیٰ نے ان کا پُل صراط سے گزرنا آسان فرما دے گا، اور اللہ تعالیٰ ان کے لیے ایک نورمہیا فرمائے گا جس کی روشنی میں وہ چل کر جنت میں پہنچ جائیں گے اہل جنت کو جب کسی چیز کی خواہش یا طلب ہو گی تو سُبْحَانَکَ اللّٰہُمَّ یا سبحان اللہ کہیں گے تو فرشتے ان کی خواہش کے مطابق وہ چیزیں حاضر کر دیں گے۔ اہل جنت اللہ کی حمد و تسبیح میں ہر وقت رطب اللسان رہیں گے جیسا کہ ایک حدیث میں ہے کہ اہل جنت کی زبان پر تسبیح و تحمید کا اس طرح الہام ہوگا جس طرح ہمیں سانس کا الہام کیا جاتا ہے۔ (مسلم: ۲۸۳۵) یعنی جس طرح بے اختیار سانس کی آمد و رفت رہتی ہے۔ اسی طرح اہل جنت کی زبانوں پر بغیر اہتمام کے حمد و تسبیح الٰہی کے ترانے رہیں گے۔ سلامتی کی دعا: جیسا کہ دنیا میں ایک دوسرے کو سلام کہنے کی عادت تھی اور ملاقات کے وقت سلام کہنے کا طریقہ اللہ کے ہاں پسندیدہ ہے۔ فرشتے اہل جنت کو سلام کہیں گے بلکہ اللہ تعالیٰ خود بھی انھیں سلام کہا کریں گے جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿سَلٰمٌ قَوْلًا مِّنْ رَّبٍّ رَّحِيْمٍ﴾ (یٰسٓ: ۵۸) ’’سلام ہو، اس رب کی طرف سے کہا جائے گا جو بے حد مہربان ہے۔‘‘