سورة التوبہ - آیت 53

قُلْ أَنفِقُوا طَوْعًا أَوْ كَرْهًا لَّن يُتَقَبَّلَ مِنكُمْ ۖ إِنَّكُمْ كُنتُمْ قَوْمًا فَاسِقِينَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

کہہ دیجئے کہ تم خوشی یا ناخوشی کسی طرح بھی خرچ کرو قبول تو ہرگز نہ کیا جائے گا (١) یقیناً تم فاسق لوگ ہو۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

منافق کا مال بھی قبول نہیں: جد بن قیس جس نے رومی عورتوں کے فتنہ میں مبتلا ہوجانے کا بہانہ کرکے جہاد پر جانے سے تو معذرت کرلی مگر ساتھ ہی یہ کہا کہ میں مالی اعانت کرنے کو تیار ہوں۔ اللہ تعالیٰ نے جواب دیا کہ خرچ کرو یا نہ کرو دونوں صورتوں میں نا مقبول ہے۔ کیونکہ قبولیت کے لیے ایمان شرط اوّل ہے اور وہی تمہارے اندر مفقودہے۔ اور نا خوشی سے خرچ کیا ہوا مال اللہ کے ہاں ویسے ہی مردود ہے۔ اس لیے کہ وہاں قصد (ارادہ) ہی صحیح نہیں یہ آیت بھی اسی طرح ہے جیسا کہ سورۃ التوبہ (۰۸) میں ہے آپ ان کے لیے بخششیں مانگیں یا نہ مانگیں۔ (یعنی دونوں برابر ہیں)