وَأَطِيعُوا اللَّهَ وَرَسُولَهُ وَلَا تَنَازَعُوا فَتَفْشَلُوا وَتَذْهَبَ رِيحُكُمْ ۖ وَاصْبِرُوا ۚ إِنَّ اللَّهَ مَعَ الصَّابِرِينَ
اور اللہ کی اور اس کے رسول کی فرماں برداری کرتے رہو، آپس میں اختلاف نہ کرو ورنہ بزدل ہوجاؤ گے اور تمہاری ہوا اکھڑ جائے گی اور صبر و سہار رکھو یقیناً اللہ تعالیٰ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے (١)
اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو، جھگڑا نہ کرو: دو ہدایات کے بعد اب تیسری ہدایت دی جارہی ہے کہ اللہ اور اسکے رسول کی اطاعت کرو، جو وہ فرمائیں بجا لاؤ جن سے روکیں رُک جاؤ چوتھی ہدایت آپس میں تنازعہ اور اختلاف نہ کرو، ورنہ تم بزدل ہوجاؤ گے اور ہوا اُکھڑ جائے گی اور پانچویں ہدایت کہ صبر کا دامن نہ چھوڑو اور یقین رکھو کہ اللہ صابروں کے ساتھ خود ہوتا ہے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی یہی شجاعت، اطاعت رسول، صبر و استقلال تھا کہ مدد ربانی شامل حال رہی اور بہت ہی کم مدت میں باوجود کم تعداد کے اور اسباب کی کمی کے مشرق و مغرب فتح کرلیا اللہ تعالیٰ ہمیں بھی انھیں کی جماعت میں شامل کرلے وہ کریم و وہاب ہے۔ آمین!