سورة الانفال - آیت 21
وَلَا تَكُونُوا كَالَّذِينَ قَالُوا سَمِعْنَا وَهُمْ لَا يَسْمَعُونَ
ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی
اور تم ان لوگوں کی طرح مت ہونا جو دعویٰ تو کرتے ہیں کہ ہم نے سن لیا حالانکہ وہ سنتے سناتے کچھ نہیں (١)
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
یعنی سن لینے کے باوجود عمل نہ کرنا یہ کافروں کا طریقہ ہے ۔تم اس رویے سے بچو ۔ بد ترین مخلوق کون ہیں ؟ سورۂ اعراف کی آیت نمبر ۱۷۹ میں یہ مضمون گزر چکا ہے کہ ان کے دل ہیں مگر ان سے سمجھتے نہیں، انکی آنکھیں ہیں لیکن ان سے دیکھتے نہیں، ان کے کان ہیں لیکن ان سے سنتے نہیں یہ چوپایوں کی طرح ہیں بلکہ ان سے بھی بد تر،یہ لوگ اللہ سے بے خبر ہیں۔یعنی جو شخص اللہ کے ان عطا کر دہ اعضاء سے کام نہ لے ۔تو ایسے لوگ جانوروں سے بھی بد تر ہیں ۔جنوں نے اپنی خداداد صلاحیتوں کو بر باد کردیا۔