سورة الانفال - آیت 17

فَلَمْ تَقْتُلُوهُمْ وَلَٰكِنَّ اللَّهَ قَتَلَهُمْ ۚ وَمَا رَمَيْتَ إِذْ رَمَيْتَ وَلَٰكِنَّ اللَّهَ رَمَىٰ ۚ وَلِيُبْلِيَ الْمُؤْمِنِينَ مِنْهُ بَلَاءً حَسَنًا ۚ إِنَّ اللَّهَ سَمِيعٌ عَلِيمٌ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

سو تم نے انہیں قتل نہیں کیا لیکن اللہ تعالیٰ نے ان کو قتل کیا۔ (١) اور آپ نے خاک کی مٹھی نہیں پھینکی بلکہ اللہ تعالیٰ نے پھینکی (٢) تاکہ مسلمانوں کو اپنی طرف سے ان کی محنت کا خوب عوض دے (٣) بلاشبہ اللہ تعالیٰ خوب سننے والا خوب جاننے والا ہے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

ریت کی مٹھی کا کرشمہ : جنگ بدر میں اللہ تعالیٰ نے جس جس طرح تمہاری مدد فرمائی، اسکی وضاحت کے بعد تم یہ نہ سمجھ لینا کہ کافروں کا قتل تمہارا کارنامہ ہے، نہیں بلکہ یہ اللہ کی اس مدد کا نتیجہ ہے جسکی وجہ سے تمہیں یہ طاقت حاصل ہوئی، اس لیئے دراصل انھیں قتل کرنے والا اللہ تعالیٰ ہے،جنگ بدرمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مٹھی کنکریوں کی بَھر کر کا فروں کی طرف پھینکی تھی،جسے ایک تو اللہ تعالیٰ نے کافروں کے مونہوں اور آنکھوں تک پہنچادیا، اور دوسرے اس میں یہ تاثیرپید ا فرمادی کہ اس سے ان کی آنکھیں چند ھیا گئیں۔ اور انھیں کچھ سجھائی نہیں دیتا تھا، یہ معجزہ بھی اس وقت اللہ کی مدد سے ظاہر ہو ا مسلمانوں کی کامیابی میں بہت مدد گار ثابت ہوا، اللہ تعالیٰ فرمارہے ہیں کہ اے پیغمبر ! کنکریاں بیشک آپ نے پھینکی تھیں، لیکن اس میں تاثیر ہم نے پیداکی تھی اگر ہم ان میں یہ تاثیر نہ کرتے تو یہ کنکریاں کیا کر سکتی تھیں؟ اس لیے یہ بھی دراصل ہمارا ہی کام تھا نہ کہ آپ کا۔