سورة الاعراف - آیت 152

إِنَّ الَّذِينَ اتَّخَذُوا الْعِجْلَ سَيَنَالُهُمْ غَضَبٌ مِّن رَّبِّهِمْ وَذِلَّةٌ فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا ۚ وَكَذَٰلِكَ نَجْزِي الْمُفْتَرِينَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

بیشک جن لوگوں نے گو سالہ پرستی کی ہے ان پر بہت جلد ان کے رب کی طرف سے غضب اور ذلت اس دنیاوی زندگی ہی میں پڑے گی (١) اور ہم جھوٹی تہمت لگانے والوں کو ایسی سزا دیا کرتے ہیں (٢)۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

گؤ سالہ پر ستوں پر اللہ کا غضب نازل ہوا، بنی اسرائیل کے تین گروہ بن گئے تھے، (۱) وہ لوگ جنہوں نے بچھڑے کی پرستش شروع کی تھی (۲) جنھوں نے خود پر ستش نہیں کی اور پرستش کرنے والوں کو منع کرتے رہے (۳) جنھوں نے خود پر ستش نہ کی اور نہ پرستش کرنے والوں کو ہی روکا، اللہ تعالیٰ نے پرستش سے منع کرنے والوں کو حکم دیا کہ یہ اپنے ہاتھوں سے پرستش کرنے والوں کو قتل کریں اور جو غیرجانبدار رہے تھے، انھیں معاف کردیا گیا، یہ انکی دنیا میں رسوائی ہے، اور جو اللہ پر جھوٹ باندھے اللہ انھیں ایسے ہی سزا دیتا ہے۔