سورة الاعراف - آیت 150

وَلَمَّا رَجَعَ مُوسَىٰ إِلَىٰ قَوْمِهِ غَضْبَانَ أَسِفًا قَالَ بِئْسَمَا خَلَفْتُمُونِي مِن بَعْدِي ۖ أَعَجِلْتُمْ أَمْرَ رَبِّكُمْ ۖ وَأَلْقَى الْأَلْوَاحَ وَأَخَذَ بِرَأْسِ أَخِيهِ يَجُرُّهُ إِلَيْهِ ۚ قَالَ ابْنَ أُمَّ إِنَّ الْقَوْمَ اسْتَضْعَفُونِي وَكَادُوا يَقْتُلُونَنِي فَلَا تُشْمِتْ بِيَ الْأَعْدَاءَ وَلَا تَجْعَلْنِي مَعَ الْقَوْمِ الظَّالِمِينَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

اور جب موسیٰ (علیہ السلام) اپنی قوم کی طرف واپس آئے غصہ اور رنج میں بھرے ہوئے تو فرمایا کہ تم نے میرے بعد یہ بڑی بری جانشینی کی؟ کیا اپنے رب کے حکم سے پہلے ہی تم نے جلد بازی کرلی اور جلدی سے تختیاں ایک طرف رکھیں (١) اور اپنے بھائی کا سر پکڑ کر ان کو اپنی طرف گھسیٹنے لگے۔ ہارون (علیہ السلام) نے کہا کہ اے میرے ماں جائے (٢) ان لوگوں نے مجھ کو بے حقیقت سمجھا اور قریب تھا کہ مجھ کو قتل کر ڈالیں (٣) تو تم مجھ پر دشمنوں کو مت ہنساؤ (٤) اور مجھ کو ان ظالموں کے ذیل میں مت شمار کرو (٥

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

حضرت موسیٰ علیہ السلام کو طور پر ہی بذریعہ وحی یہ اطلاع دے دی گئی تھی کہ سامری نے ایک بچھڑا تیا ر کیا ہے، اور قوم کے بہت سے لوگ گؤ سالہ پرستی میں مبتلا ہو چکے ہیں، لہذا جب واپس اپنی قوم کے پاس آئے تو غصہ اور رنج تو پہلے ہی طبیعت میں موجود تھا، آتے ہی لوگوں سے کہا کہ تم نے میرا انتظار بھی نہ کیا اور فوراَ اپنی کفر اور شرک والی زندگی میں لوٹ آئے، اور غصہ کے عالم میں اور دینی حمیت کے جوش میں تختیاں نیچے ڈال دیں اور حضرت ہارون علیہ السلام کے داڑھی اور سَر کے بال کھینچتے ہوئے کہا کہ تم نے میرے جانشین بن کر یہ کیسے برداشت کر لیا، حضرت ہارون علیہ السلام نے نہایت پیار کے لہجہ میں کہا ‘‘ میرے ماں جائے بھا ئی، میں نے انھیں سمجھانے میں کوئی کوتاہی نہیں کی، لیکن یہ اتنے سرکش لوگ ہیں کہ میری بات کو سمجھنے کی بجائے اُ لٹا مجھے مارنے کے درپے ہوگئے،لہذا ان بد بختوں کو مجھ پر ہنسنے کا موقعہ نہ دو،اور یہ ہر گز نہ سمجھو کہ انھوں نے جو ظلم اور شرک کیا وہ میری شہ پر کیا ہے ۔میں نے نہ اسکی اجازت دی، نہ اس پر خوش ہوا، صرف خاموش رہا، میرے پاس معقول عذر موجود ہے، پھر میرا شمار ظالموں (مشرکوں) کے ساتھ کیسے ہو سکتا ہے۔