سورة الاعراف - آیت 42

وَالَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ لَا نُكَلِّفُ نَفْسًا إِلَّا وُسْعَهَا أُولَٰئِكَ أَصْحَابُ الْجَنَّةِ ۖ هُمْ فِيهَا خَالِدُونَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اور جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے نیک کام کئے ہم کسی شخص کو اس کی قدرت سے زیادہ کسی کا مکلف نہیں بناتے (١) وہی لوگ جنت والے ہیں اور وہ اس میں ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اس آیت سے یہ بتانا مقصود ہے کہ جن کے دل میں ایمان ہے اور وہ قرآن و حدیث کے مطابق کام کرتے ہیں ایسے لوگ جنتی ہیں اور اس میں ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے ۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ایمان اور نیکیاں ایسی چیزیں نہیں جو انسانی طاقت سے زیادہ ہوں اور انسان ان پر عمل کرنے کی قدرت نہ رکھتے ہوں اور ہر شخص کا امتحان اسکی استعداد اور قوت کار کے مطابق ہی لیا جائے گا۔ جنھوں نے اللہ اور اسکے رسولوں کا اقرار کیا جس کا حکم ملا اس پر عمل کیا، اور جس سے روکا اس سے رک گئے، وہ ہی لوگ جنت جانے والے ہیں۔ عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ اہل جنت کو جنت میں داخل کرے گا اور اہل دوزخ کو دوزخ میں داخل کرے گا پھر ان دونوں کے درمیان ایک منادی کھڑا ہوکر یہ اعلان کرے گا۔ اے اہل جنت اب موت نہیں آئے گی اور اے اہل دوزخ! اب موت نہیں آئے گی، ہر شخص جس حالت میں ہے اب وہ اسی حالت میں ہمیشہ رہے گا۔ (مسلم: ۲۸۵۰)