سورة المطففين - آیت 1

وَيْلٌ لِّلْمُطَفِّفِينَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

بڑی خرابی ہے ناپ تول میں کمی کرنے والوں کی۔

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

تفسیر وتشریح۔ (١) یہ سورۃ بھی مکی ہے اور ابتدائی دور کی تنزیلات سے ہے اس وقت اہل مکہ میں جوعام کاروباری بددیانتی اور بے ایمانی پھیلی ہوئی تھ اس پر گرفت کی گئی ہے اور یہ سراسر آخرت سے غفلت کا لازمی نتیجہ ہے اگر کسی کو یہ احساس ہوا کہ ایک روز خدا کے سامنے پیش ہونا ہے اور کوری کوری کا حساب دینا ہے تو کسی طور پر یہ ممکن نہیں کہ انسان معاملات میں راست بازی اختیار نہ کرے اگر آدمی کے اندر دیانت داری پیدا ہوسکتی ہے تو صرف خدا کے خوف اور آخرت پر یقین سے ہوسکتی ہے۔ ماپ تول میں کمی معاشرہ میں بہت بڑی خرابی کی علامت ہے اور یہ مرض خصوصیت کے ساتھ امم سابقہ میں پایا جاتا تھا، چنانچہ سورۃ الانعام، بنی اسرائیل، اور سورۃ الرحمن میں اس پر سرزنش کی گئی اور ماپ تول صحیح رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔