سورة المدثر - آیت 1

يَا أَيُّهَا الْمُدَّثِّرُ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اے کپڑا اوڑھنے والے (١)

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

تفسیر وتشریح۔ (١) یہ سورۃ بھی مکی ہے اور اس کی پہلی سات آیات تو مکہ کے بالکل ابتدائی دور میں نازل ہوئی ہیں، بلکہ جابر بن عبداللہ سے منقول ہے کہ یہ قرآن پاک کی اولین آیات ہیں لیکن جمہور علماء کے نزدیک سب سے پہلی وحی سورہ، اقراء، کی ابتدائی آیات ہیں حدیث میں ہے کہ اس کے بعد وحی کاسلسلہ بند ہوگیا اور تقریبا تیس مہینے تک بند رہا، پھر اچانک وحی آئی اور سورۃ مدثر کی ابتدائی آیات نازل ہوئیں، معلوم ہوا کہ فترۃ کے بعد یہ پہلی وحی ہے۔ حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ سورۃ العلق کے نزول کے ساتھ آپ نبی بن گئے اور سورۃ المدثر کے نزول پر جب، قم فانذر، کا جملہ نازل ہوا تو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر رسالت کابوجھ ڈال دیا گیا۔