سورة القصص - آیت 85

إِنَّ الَّذِي فَرَضَ عَلَيْكَ الْقُرْآنَ لَرَادُّكَ إِلَىٰ مَعَادٍ ۚ قُل رَّبِّي أَعْلَمُ مَن جَاءَ بِالْهُدَىٰ وَمَنْ هُوَ فِي ضَلَالٍ مُّبِينٍ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

جس اللہ نے آپ پر قرآن نازل فرمایا ہے (١) وہ آپ کو دوبارہ پہلی جگہ لانے والا ہے (٢) کہہ دیجئے کہ میرا رب اسے بخوبی جانتا ہے جو ہدایت لایا اور اس سے بھی کھلی گمراہی میں ہے۔ (٣)

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

(٢١) آیت ٨٥ میں نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو تسلی اور بشارت دی ہے کہ جس نے تم پر یہ ذمہ داری ڈالی وہ تجھے کامیابی سے ہم کنار بھی کرے گا یہ نبوت ورسالت موہبت ربانی ہے اس میں تمہاری طلب کو دخل نہیں ہے بلکہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے خاص رحمت ہے لہذا اس کی تبلیغ میں کسی قسم کی مداہنت کام نہ لیں، دعوت دیتے رہیں اور مخالفین کی پروا نہ کریں۔